نئی دہلی، 8؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) مشرقی دہلی کے سبھاش نگر میں مسلح حملہ آوروں کے ایک گروپ کو عوامی طور پر اپنے مخالفین پر گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس کا سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ہفتہ کی رات کو پیش آنے والے واقعہ میں دو افراد اجے چودھری اور جسّا چودھری کو گولی لگی ہے۔
دونوں زخمیوں کو دین دیال اپادھیائے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کا علاج چل رہا اور ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ معاملہ ذاتی رنجش کا محسوس ہوتا ہے۔ پولیس نے کہا کہ متاثرین سبھاش نگر میں کہی جا رہے تھے۔ حملہ آوروں نے 10 راؤنڈ گولیاں چلائیں، حملہ آور اسکوٹی پر سوار تھے۔
مقامی تھانہ میں اقدام قتل کے ساتھ آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ایک ذریعے نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے لیکن تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔